ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے آج ہندوستانی ٹیم کا اعلان

عرفان پٹھان کی واپسی متوقع
رہانے اور پانڈے کے درمیان سخت مسابقت

نئی دہلی ۔4 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ ٹوئنٹی 20سیریز میں وائٹ واش کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم کے انتخاب میں سلکٹروں کو سخت امتحان درپیش ہے جیسا کہ وہ کل یہاں اپنے اجلاس میں ایشیاء کپ اور ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا انتخاب کریں گے نیز اس اجلاس میں نمبر 7پر بیٹنگ کیلئے اجنکیا رہانے اور آسٹریلیا کی سیریز کے دوران نئی دریافت منیش پانڈے کے درمیان کسی ایک کا انتخاب اہم اور سخت فیصلہ ہوسکتا ہے ۔ آسٹریلیا کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد تقریباً سبھی بیٹسمینوں نے اپنی دعویداری مضبوط کرلی ہے لیکن نمبر 7پر مخصوص بیٹسمین کے انتخاب کیلئے رہانے اور پانڈے کے درمیان سخت مقابلہ ہے ۔ ہندوستان کے نمبر ایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں آرام دیا گیا ہے جس کے بعد ان فارم منیش پانڈے کو پھر ایک مرتبہ خود کو ثابت کرنے کا موقع مل جائے گا ۔ بعدازاں جب کوہلی بنگلہ دیش میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20ایشیاء کپ ٹورنمنٹ کیلئے ٹیم میں واپسی کریں گے تو پھر 15رکنی ٹیم میں تبدیلی ہوگی ۔ کل جب کہ سلکٹروں کے اجلاس میں ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا تو سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل ہی منیش پانڈے کے مظاہروں کو دیکھے بغیر انہیں ٹیم سے خارج کرنے ایک سخت فیصلہ ہوسکتا ہے لیکن دوسری جانب سری لنکا کی سیریز سے قبل ہی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا انتخاب ضروری ہے ۔  سری لنکا کے خلاف سیریز 9 فبروری کو پونے میں شروع ہوگی ۔ ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کے بیٹسمین شعبہ میں روہت شرما ‘ شکھر دھون ‘ سریش رائنا ‘ یوراج سنگھ اور مہیندر سنگھ دھونی خودبخود منتخب ہوسکتے ہیں لہذا اصل فیصلہ رہانے کے ساتھ ہوگا ۔

رہانے کے معیار پر کوئی سوالیہ نشان نہیں لیکن محدود اوورس کی کرکٹ میں تیزی کے ساتھ ایک اور دو رنز بنانے کی صلاحیت پر دھونی کی جانب سے اٹھایا جانے والا سوال ان کے لئے مشکل پیدا کرسکتا ہے ۔ آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ تین مقابلوں کی سیریز میں قطعی 11کھلاڑیوں میں رہانے شامل نہیں تھے جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ سلکٹروں کے منصوبہ کا حصہ نہیں ۔ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹوئنٹی 20مقابلہ کے آخری اوور میں یوراج سنگھ کی شاندار بیٹنگ کے علاوہ دھیمی رفتار کی بولنگ کی بدولت وہ سلکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد دھونی نے اپنے بیان میں یہ اشارہ بھی دے دیا ہے کہ کم و بیش ٹیم مکمل ہوچکی ہے اور ورلڈ کپ کیلئے منتخب ہونے والی ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں ہی کی جاسکتی ہے ۔ عرفان پٹھان کی ہندوستانی ٹیم میں واپسی متوقع ہے کیونکہ سید مشتاق علی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں اپنی ٹیم بڑودہ کو فائنلس تک پہنچانے میں انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔بائیں ہاتھ کے اشیش نہرا کے زخمی ہونے پر عرفان پٹھان ان کے متبادل ہوسکتے ہیں ۔ رویندرا جڈیجہ کے ساتھ پون نیاگی ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ اسی طرح اشون کے ساتھ ہربھجن سنگھ کی شمولیت بھی متوقع ہے ۔ بھونیشور کمار زخموں سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور ان کا انتخاب بھی اہم فیصلہ ہوگا ۔