لندن، 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے ٹریور بیلِس کو انگلینڈ کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے جو انگلش ٹیم کی کوچنگ کرنے والے پہلے آسٹریلیائی ہیں۔ سابق کوچ 52 سالہ پیٹر موریس کو ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کی بدترین کارکردگی اور پہلے راؤنڈ سے اخراج کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز 1-1 سے ڈرا ہوجانے کے بعد عہدے سے برطرف کردیا تھا۔ بعدازاں سابق آسٹریلیائی پیس بولر جیسن گلیسپی کو ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا لیکن دو روز قبل یکایک کوچنگ کیلئے ٹریور بیلس کا نام ابھر آیا اور پھر منگل کو انہیں اس عہدے پر فائز کردیا گیا۔ بیلس کو نئی ذمے داری سنبھالنے کے ساتھ ہی ایشز سیریز جیسے بڑے چیلنج کا سامنا ہے اور اسے ان کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ڈائریکٹر اینڈریو اسٹراؤس نے کہا کہ ٹریور کا کوچنگ ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور مینجمنٹ میں وہ اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ بیلس نے خود کو ڈومیسٹک اور عالمی دونوں سطح پر بہترین ثابت کیا ہے اور وہ جانتے ہیں کھیل کے تینوں فارمیٹ میں ٹیم کس طرح تیار کرنی ہے۔ بیلس کو اپنے آبائی وطن آسٹریلیا کے خلاف 8 جولائی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والی ایشز سیریز واپس لینے کا چیلنج درپیش ہے، جبکہ آسٹریلیا نے گزشتہ ایشز میں 5-0 سے کامیابی کے بعد اسے اپنے نام کیا تھا۔ ٹریور شاندار کوچنگ ریکارڈ کے حامل ہیں، جہاں انہوں نے 2011ء میں سری لنکا کی کوچنگ کی تھی جس نے فائنل کھیل کر رنرز اپ رہنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ان کا ٹی ٹوئنٹی کوچنگ ریکارڈ اس سے بھی زیادہ شاندار ہے۔ انہوں نے 2012ء میں آسٹریلین لیگ ’بگ بیاش‘ میں سڈنی سکسرز کو چمپئن بنوایا تھا اور پھر کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 2012ء اور 2014ء میں انڈین پریمیر لیگ کا فاتح بنوایا تھا۔ ٹریور بیلس نے انگلینڈ کی کوچنگ کا عہدہ ملنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ کے کپتانوں السٹیر کک اور اوئن مورگن کے ساتھ کام کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کریں گے۔
چیس اسٹار آنند کی والدہ کا انتقال
چینائی ، 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیس کے مایہ ناز کھلاڑی وشواناتھن آنند کی والدہ سشیلا وشواناتھن کا یہاں بحالت نیند انتقال ہوگیا ۔ اُن کی عمر 79 برس تھی ۔ پسماندگان میں شوہر کے وشواناتھن ، ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں جن میں آنند سب سے چھوٹے ہیں۔ صدر آل انڈیا چیس فیڈریشن پی آر وینکٹ رام راجہ نے سشیلا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آنند کو چمپین بنانے میں اُن کی انتھک کوششوں کو سراہا ۔