ٹرین حادثہ میں دو افراد ہلاک

حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) ریلوے پٹریاں عبور کرنے کے دوران دو افراد ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ ریلوے پولیس کاچیگوڑہ کے بموجب 25 سالہ ملیش متون کتور ضلع رنگاریڈی جو پیشہ سے مزدور تھا، کل شام ودیا نگر اور کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹریاں عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ وہ ٹرین کی زد میں آکر فوت ہوگیا۔ اِسی قسم کے ایک اور واقعہ میں 35 سالہ رویندر خانگی ملازم ساکن شنکر نگر عنبرپیٹ آج دوپہر کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹریاں عبور کررہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مذکورہ افراد کی نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔

اقدام خودکشی کے دوران زخمی خاتون کی موت
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) اقدام خودکشی کے دوران زخمی ہونے والی خاتون فوت ہوگئی۔ گولکنڈہ پولیس کے بموجب 35 سالہ عرشیہ بلقیس زوجہ نعمت اللہ ساکن سبزہ کالونی ٹولی چوکی کی شادی 19 سال قبل ہوئی تھی اور کچھ عرصہ سے مبینہ طور پر خاتون کا دماغی توازن بگڑ گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں کئی مرتبہ عرشیہ نے خودکشی کی ناکام کوشش کی تھی۔ کچھ دن قبل پھر ایک مرتبہ اُس نے اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کی کوشش کے دوران وہ زخمی ہوگئی تھی اور اسے مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ فوت ہوگئی۔ پولیس گولکنڈہ نے ایک مقدمہ درج کرلیا۔