ٹرین حادثات میں چار افراد ہلاک

حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سائبرآباد حدود میں پیش آئے ٹرین حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 31 سالہ وینکٹا ریڈی جو پیشہ سے سافٹ ویر انجینئیر تھا ۔ جو سنی کنڈہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ ریڈی نانک رام گوڑہ علاقہ میں واقع سافٹ ویر کمپنی میں کام کرتا تھا ۔ کل چندا نگر اور لنگم پلی کے درمیان یہ شخص ایم ایم ٹی ایس میں سفر کر رہاتھا کہ چلتی ٹرین سے گرکر ہلاک ہوگیا ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس حدود میں ایک 55 سالہ کے باسو جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا سرور نگر علاقہ میں رہتا تھا وہ کاچی گوڑہ اور ملک پیٹ کے علاقہ میں ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق ایک 60 سالہ نامعلوم شخص جو آرٹس کالج اور جامہ عثمانیہ کے درمیان ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نامپلی کے مطابق 40 سالہ سائی بابا جو ملکاجگیری کے علاقہ گوپال نگر میں رہتا تھا آج لالہ گوڑہ اور ملکاجگیری کے درمیان پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ سائی بابا ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے ۔