ٹرین حادثات میں دو افراد ہلاک

حیدرآباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) نامپلی اور کاچی گوڑہ ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے ٹرین حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ ریلوے پولیس کے مطابق 56 سالہ کشٹایا جو پیشہ سے کسان تھا شنکر پلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل صنعت نگر پولیس اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 پر یہ شخص ٹرین میں سفر کرنے کی کوشش کے دوران بے قابوہوکر گر پڑا اور ٹرین آگے نکل پڑی شدید زخمی حالت میں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کاچی گورہ ریلوے پولیس کے مطابق 58 سالہ وینکٹ سوامی جو کل آرٹس کالج احاطہ عثمانیہ یونیورسٹی کے قریب پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا ۔ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔