ٹرین حادثات میں تین افراد بشمول ضعیف شخص ہلاک

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے ٹرین حادثات میں تین افراد ہلاک اور ایک ضعیف شخص کی ٹرین میں سفر کے دوران مشتبہ موت ہوگئی۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 35 سالہ محمد احمد جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور حبیب فاطمہ نگر بورا بنڈہ کا ساکن آج صبح بیگم پیٹ اور نیکلس روڈ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق 42 سالہ راجیش بنگ جو پیشہ سے بزنس مین تھا، مادنا پیٹ کے ہیپی ہوم علاقہ میں رہتا تھا، جو ضلع سریکاکلم ریاست آندھرا کا متوطن بتایا گیا ہے، وہ ملک پیٹ اور دبیرپورہ کے درمیان ریلوے لائن کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق 60 سالہ پدمار کرشنن بھائی جو سومناتھ ضلع ریاست گجرات کا متوطن تھا۔ راجیشوری ایکسپریس کے ذریعہ راج کوٹ سے حیدرآباد آرہا تھا کہ کاماریڈی کے حدود میں کرشنن بھائی نے سینہ میں تکلیف کی شکایت کی اور اچانک اس کی صحت بگڑ گئی جو فوت ہوگیا۔ ریلوے پولیس کاچیگوڑہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔