ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والوں کا لائسنس معطل کیا جائے گا

پینالٹی پوائنٹ سسٹم متعارف ، کمشنر پولیس کا بیان
حیدرآباد ۔ /4 جولائی (سیاست نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر اب ٹریفک پولیس ’’پینالٹی پوائنٹ سسٹم‘‘ کے تحت کارروائی کرے گی جس میں ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک جی او کے نتیجہ میں پنالٹی پوائنٹ سسٹم متعارف کیا جارہا ہے جس میں ڈرائیور کی جانب سے 24 ماہ کے دوران 12 پنالٹی پوائنٹس ہونے پر اس کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا جائے گا ۔ جبکہ مسلسل پنالٹی پوائنٹس حاصل کرنے پر لائسنس کو 3 سال تک کیلئے معطل کیا جائے گا ۔ اسی طرح لرننگ لائسنس رکھنے والے ڈرائیورس اگر 5 پنالٹی پوائنٹ حاصل کرنے پر ان کا لائسنس فی الفور منسوخ کردیا جائے گا اور انہیں دوبارہ لرننگ لائسنس حاصل جاری نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹریفک پنالٹی سسٹم یکم اگست سے لاگو ہوجائے گا اور ٹریفک پولیس اس سلسلے میں شہریان کیلئے شعور بیداری مہم بھی چلائی گئی ہے ۔ انہوں نے شہر کی عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں شفافیت لانے کیلئے ای چالان سسٹم کو M ویالٹ ایپ میں بھی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ ریاست کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے حال ہی میں M ویالٹ ایپ کو متعارف کیا تھا ۔ اس اپلیکیشن کے یہ فوائد ہیں کہ کسی بھی شہری کو اپنے گاڑی کی اصلی دستاویزات ساتھ رکھنا لازمی نہیں ہوگا چونکہ اس اپلیکیشن میں ڈرائیونگ لائسنس ، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (آر سی بک) روڈ پرمٹ وغیرہ اسکیننگ کرکے رکھے جاسکتے ہیں ۔