موٹر کار میں دس لاکھ روپئے نقد ضبط، محکمہ انسداد رشوت ستانی کی کارروائی
حیدرآباد 19 جولائی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) عہدیداروں نے ضلع عادل آباد کے ایک انسپکٹر پولیس کے خلاف انسداد رشوت ستانی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب داسری بھومیا جو ضلع عادل آباد میں انسپکٹر ٹریفک کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، آج صبح اراضی خریدنے کی غرض سے وہ اپنی گاڑی میں 10 لاکھ روپئے نقد رقم لے کر کمسنی پلی ولیج ضلع وقارآباد میں واقع رجسٹری آفس جارہے تھے کہ اُنھیں آؤٹر رنگ روڈ راجندر نگر کے قریب اے سی بی عہدیداروں نے اُن کی کار روک کر تلاشی لی جس میں 10 لاکھ روپئے نقد اور اراضی کی خریدی سے متعلق معاہدہ کے دستاویزات برآمد ہوئے۔ عہدیداروں نے انسپکٹر سے نقد رقم کا حساب طلب کیا لیکن وہ اطمینان بخش جواب نہ دے سکے جس پر اے سی بی نے کارروائی کرتے ہوئے اُن کے مکان واقع سکندرآباد اور اُن کے رشتہ داروں کے مکانات پر بھی بیک وقت دھاوے کئے اور تلاشی لی۔ اے سی بی عہدیداروں نے بتایا کہ نقد رقم منتقل کی جانے والی اسکوڈا ریاپڈ کار کو بھی ضبط کرلیا گیا اور اُن کے خلاف انسداد رشوت ستانی ایکٹ 1988 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔