واشنگٹن، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ آج شاید سائبر سلامتی سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر سکتے ہیں۔ اس معاملے سے واقفیت رکھنے والے ایک اہلکارنے بتایا کہ مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس کو اپنی انتظامیہ کی اولین ترجیح بتایا تھا۔گزشتہ ہفتے اس سلسلے میں جاری ہونے والے مسودے کی بنیاد پر دو دیگر ذرائع نے بتایا کہ اس حکم کا اطلاق ہونے کے بعد حکومت کے جارحانہ اور دفاعی سائبر سکیورٹی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جا سکے گا۔
اسرائیلی وزیر اعظم کی
15 فروری کو ٹرمپ سے ملاقات
واشنگٹن، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو سیکورٹی معاملے پر تفصیلی بات چیت کیلئے 15 فروری کو امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ۔ یہ اطلاع آج وائٹ ہاؤس نے دی۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ترجمان سین اسپیسر نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ ہمارے تعلقات سیکورٹی نقطہ نظر سے دونوں ممالک کے لئے نہایت اہم ہیں۔ مسٹر ٹرمپ بھی اسرائیلی وزیر اعظم سے اسٹریٹجک، تکنیکی، فوجی اور انٹلیجنس تعاون کے بارے میں مزید بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔