واشنگٹن- امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن، مشرق وسطیٰ میں پولیس اہلکار کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا امریکا کو مشرق وسطیٰ میں پولیس والے کا کردار ادا کرنا چاہیے؟
اور وہ بھی ان ممالک کے لیے جو ہزاروں فوجیوں کی ہلاکت اور اربوں ڈالر خرچ کیے جانے کے باوجود واشنگٹن کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار نہیں دیتے‘۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوال اٹھایا ’کیا ہم ہمیشہ ادھرہی رہیں گے؟ وقت آگیا ہے کہ اب دوسرے اپنی لڑائی خود لڑیں‘۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے شام میں داعش کے خلاف لڑائی کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اپنی فوجیں فوری طور پر بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فضائی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا تھا، داعش کے خلاف امریکا کے اتحادی ممالک فرانس اور برطانیہ بھی کروڑ ڈالر خرچ کرچکے ہیں۔