ٹرمپ ‘ غیر فوجی زون میں کم جون ان سے ملاقات کے خواہاں

واشنگٹن 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج اس خیال کا اظہار کیا کہ جنوبی کوریا میں غیر فوجی زون وہ مقام ہوسکتا ہے جہاں وہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان سے ملاقات کریں۔ غیر فوجی زون دونوں کوریائی ممالک کے مابین وہ زمینی پٹی ہے جو ان دونوں کو الگ کرتی ہے ۔ یہ زون کوریائی معاہدہ کے تحت قائم کیا گیا تھا اور اسے شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان سرحد بھی سمجھا جاتا ہے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کم جونگ ان سے ملاقات کے سلسلہ میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ کئی ممالک پر اس ملاقات کے تعلق سے غور کیا جا رہا ہے تاہم وہ سوال کر رہے ہیں کہ آیا شمالی اور جنوبی کوریا کے مابین غیر فوجی زون میں یہ ملاقات نہیں ہوسکتی ؟ ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ کسی تیسرے ملک کی بجائے ایک زیادہ نمائندہ ‘ اہم اور دیرپا مقام ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دونوں شمالی اور جنوبی کوریائی قائدین کی ایک تاریخی ملاقات ہوئی تھی ۔ یہ ملاقات بھی غیر فوجی زون میں ہوئی تھی ۔ بعد میں دونوں کوریائی صدور ایک دوسرے کی سرزمین پر بھی گئے تھے اور پھر جنوبی کوریا میں ان دونوں قائدین کی تفصیلی بات چیت بھی ہوئی تھی ۔وائیٹ ہاوز کے عہدیداران ڈونالڈ ٹرمپ اور کم جون ان کے مابین ملاقات کے امکانی مقامات کے تعلق سے غور و خوض میں مصروف ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس ملاقات کیلئے سنگاپور یا پھر منگولیا کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ شمالی کوریا کے حکام کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے جنوبی کوریا کے پیس ہاوز میں ملاقات کے امکان کو عملا مسترد کردیا ہے ۔