ٹرانسپورٹ آفس میں اندرون ہفتہ دوسری بار آتشزدگی

قدیم ریکارڈز جل کر خاکستر۔ دوبارہ شارٹ سرکٹ کے دعوے پر شبہات
حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے خیریت آباد میں واقع قدیم آفس کی عمارت میں اندرون ہفتہ آج دوسری مرتبہ زبردست آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے دفتر میں پائے جانے والے تقریباً تمام قدیم ریکارڈز مکمل طور پر جلکر خاکستر ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ پہلی مرتبہ آگ لگنے کا واقعہ دو تین دن قبل ہی پیش آیا تھا اور اس واقعہ کی وجہ برقی شارٹ سرکٹ بتائی گئی تھی۔ آج دوبارہ آتشزدگی کے بھیانک واقعہ پر بعض شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر محکمہ فائیر سرویس والوں نے مقام واقعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ آج آگ لگنے کے دوسرے واقعہ کو بھی شارٹ سرکٹ کی وجہ ہی بتانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ واقعہ پر زبردست تجسس پایا جارہا ہے اور اس بات کا بھی شک کیا جارہا ہے کہ محض بعض قدیم فائیلس ( ریکارڈز ) کو غائب کرنے کی کوشش میں ناکامیپر شاید شارٹ سرکٹ کی آڑ میں ریکارڈز کو آگ لگادی گئی ہوگی ۔