ٹرائی بل کو عام آدمی پارٹی کی مخالفت

نئی دہلی 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے آج کہا کہ وہ لوک سبھا میں ٹرائی قانون میں ترمیم کے بل کی مخالفت کرے گی ۔ یہ بل سابق صدر نشین ٹرائی کی پرنسپال سکریٹری برائے وزیر اعظم نریندر مودی کے تقرر میں حائل قانونی رکاوٹ دور کرنے کیلئے پیش کیا جارہا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے ایک سینئر قائدین نے کہا کہ پارٹی اس اقدام کی مخالفت کرے گی کیونکہ یہ ٹیلی کام نگران کار محکمہ کی غیر جانبداری ’’تباہ ‘‘کردے گا ۔ قبل ازیں اس سلسلہ میں ایک آر ڈیننس جاری کیا گیا تھا جو غیر اخلاقی تھا۔

لوک سبھا چناؤ میں سوشل میڈیا کا کلیدی رول : راجناتھ
نئی دہلی ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سوشل میڈیا نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں نمایاں رول ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ رجحان جاری رہے گا، وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے 2014ء عام انتخابات میں میڈیا کے رول پر یہاں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2014ء کے چناؤ میں سوشل میڈیا کا اہم رول رہا ہے۔ یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ہمیں اس حقیقت کو قبول کرلینا ہوگا۔ راجناتھ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا 5 سال قبل کوئی نمایاں رول نہیں تھا لیکن اس کے رول میں اب کئی گنا اضافہ ہوچلا ہے۔