ویلنگٹن ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے سری لنکائی بولروں کی درگت بناتے ہوئے ناقابل تسخیر 264 رنز بنائے تو دوسری جانب نشانہ کے تعاقب میں مہمان ٹیم سری لنکا کا ٹاپ آرڈر مقابلہ میں دوسری مرتبہ ناکام ہوا۔ لیتھم نے ناٹ آوٹ رہتے ہوئے جہاں 264 رنز بنائے وہیں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 578 رنز اسکور کرتے ہوئے سری لنکا پر 296 رنز کی سبقت حاصل کی۔ بعدازاں فاسٹ بولروں کی جوڑی ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے سری لنکا کی ابتدائی تین وکٹوں کو 20 رنز کے مجموعے پر ہی پویلین کی راہ دکھا دی۔ بولٹ نے دھنشکا گوناتلکا کو تین رنز، ساوتھی نے کرونارتنے کو 10 رنز اور دھننجیا ڈیسلوا کو صفر پر آوٹ کیا۔ مذکورہ جوڑی کے علاوہ اچھال لیتی گیندوں کے ماہر نیل وائگنر نے بھی سری لنکائی بیٹسمینوں کو کافی پریشان کیا۔ دن کے اختتام پر 12 اوورس کے کھیل میں نیوزی لینڈ کو ابتدائی تین وکٹیں گنوانی پڑی اور وہ اننگز شکست سے محفوظ رہنے کیلئے ہنوز 276 رنز پیچھے ہے۔ تین دن کے کھیل کے اختتام پر ہی مقابلہ کا نتیجہ واضح دکھائی دے رہا ہے کیونکہ سری لنکائی ٹیم پہلی اننگز میں بھی 282 رنز پر آل آوٹ ہوئی۔ دن کے اختتام پر منڈیز 20 گیندوں میں 5 رنز اور میتھیوز 17 گیندوں میں دو رنز بنا کر موجود ہیں۔ قبل ازیں لیتھم نے اپنے کریئر کی شاندار اننگز سے شائقین کو لطف اندوز کیا۔ ڈبل سنچری اور اننگز میں ناٹ آوٹ رہنے کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے لیتھم نے کہاکہ یہ ایک یادگار اننگز ہے جس کی ہر کوئی تمنا کرتا ہے۔