نئی دہلی ۔28جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے آپ کو دراوڑی پارٹیوں کا متبادل بناکر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بی جے پی نے منصوبہ بنایا ہے کہ آئندہ سال اسمبلی انتخابات سے پہلے وہ ٹاملناڈو کے عوام سے ربط پیدا کرے گی ۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ امکان ہے کہ جلد ہی ریاست کا دورہ کریں گے ۔ ٹاملناڈو میں ریاست میں گذشتہ 50سال سے صرف دراوڑی حکومتوں کا انتخاب کیا ہے ۔ اپنے دورہ کے موقع پر جس کی تواریخ کو ہنوز قطعیت نہیں دی گئی ہے امیت شاہ رائے دہندوں کے تمام طبقات سے ربط پیدا کریں گے ۔ خاص طور پر دلتوں پر زور دیا جائے گا ۔ ٹاملناڈو کے اُمور کے انچارج بی جے پی کے جنرل سکریٹری پی مرلی دھر راؤ نے کہا کہ جب میں عوام تک رسائی حاصل کرنے کی بات کررہا ہوں تو اس کی توثیق صرف مرکز سے نہیں کی جاسکتی ‘ ہمیں بھی باقاعدہ طور پر ایسے پروگرام تیار کرنے ہوں گے جن کا مقصد رائے عامہ ہمارے حق میں ہموار کرنا ہو ‘ انہیں یہ سمجھانا ہو کہ ٹاملناڈو میں بی جے پی دراوڑی پارٹیوں کا متبادل ثابت ہوگی ۔ بی جے پی نے پہلے ہی اسمبلی حلقوں کی شناخت کرلی ہے جہاں اُسے توقع ہے کہ اس کا انتخابی مظاہرہ بہتر ہوگا ۔