نئی دہلی ۔ /20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی مقبولیت کے معاملے میں عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال سے کافی پیچھے ہیں ۔ ٹائم میگزین دنیا کے بااثر 100 افراد کی فہرست تیار کررہی ہے جس کیلئے رائے دہی /22 اپریل کو ختم ہوگی اور /24 اپریل کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ مودی کو کجریوال کے مقابلے منفی ووٹ زیادہ ملے ہیں یہاں تک کہ وہ کناڈا کی پاپ سنگر جسٹن بیبر سے بھی پیچھے ہیں ۔ 10 پوائنٹس کی درجہ بندی میں مودی کو نفی میں ملنے والے ووٹ 6 کے قریب ہیں ۔ ٹائم میگزین نے رائے دہندگان سے فہرست میں شامل کئے جانے والے ہر شخص کے بارے میں یہ سوال کیا کہ کیا اسے 100 افراد کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے لیکن مودی کیلئے نفی میں زیادہ ووٹ ملے ۔
مودی ہی این ڈی اے حکومت کے وزیراعظم
ٹوپی پہننے سے انکارپر تنازعہ غیرضروری : راج ناتھ سنگھ
خصوصی طیارہ سے ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے آج واضح کردیا کہ نئی لوک سبھا میں بلاامتیاز اکثریت این ڈی اے حکومت کے وزیراعظم صرف نریندر مودی ہی ہوں گے۔ انتخابی مہم کیلئے اپنے خصوصی چارٹرڈ طیارہ میں میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ صرف مودی ہی کسی بھی صورت میں این ڈی اے حکومت کے وزیراعظم ہوں گے۔ بی جے پی لیڈر کا یہ بیان اس سوال کے جواب میں آیا کہ این ڈی اے کو اکثریت نہ ملنے کی صورت میں کوئی نئی حلیف پارٹی مودی کے بجائے دوسرے لیڈر کو وزیراعظم بنانے کیلئے ضد کرے تو کیا ہوگا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کو صرف قوانین کے ذریعہ نہیں چلایا جاسکتا جبکہ ایک لیڈر کا ہونا ضروری ہے جو اخلاقی اتھاریٹی کا حامل ہوتا ہے۔ صرف ایک شخص کو ہی وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار یا چیف منسٹر کا امیدوار بنایاجاسکتا ہے۔ یہی ایک اخلاقی اتھاریٹی ہوتی ہے۔