حیدرآباد /13 نومبر ( سیاست نیوز ) مالی پریشانی ، خرابی صحت ، بیوی سے جھگڑا اور خاندانی گھریلو مسائل سے خودکشی کرنے کے 6 علحدہ واقعات حیدرآباد و سائبرآباد پولیس حدود میں پیش آئے ۔ جہاں 6 افراد بشمول دو خواتین نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سعیدآباد پولیس کے مطابق 43 سالہ سنیتا ریڈی جو کرن باغ سعیدآباد علاقہ کے ساکن پروین ریڈی کی بیوی تھی ایک خانگی کالج کی لکچرر بتائی گئی ہے ۔ اس خاتون نے کل رات دیر گئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی اور ایک خودکشی نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں اس نے اپنی خودکشی کا خود کو ذمہ دار ٹہرایا ہے ۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 27 سالہ وجیہ لکشمی جو ایل بی نگر علاقہ میں رہتی تھی ایک شاپنگ کامپلکس میں ملازمہ کی حیثیت سے کام کرتی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات دیر گئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے اس کی خودکشی کی وجہ کو خرابی صحت قرار دیا ہے ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 55 سالہ سید سعداللہ جو کشن باغ 9 نمبر کا ساکن تھا اس شخص نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جو گذشتہ کئی دنوں سے خرابی صحت سے پریشان تھا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ جواہر نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ شیام جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا ملکاجگیری میں رہتا تھا ۔ مالی پریشانیوں سے تنگ آکر اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ چندانگر پولیس کے مطابق 39 سالہ بالراج جو پیشہ سے میستری تھا نلہ کنٹہ چندا نگر میں رہتا تھا ۔ کل رات بیوی سے جھگڑے کے بعد اس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ چھتری ناکہ پولیس کے مطابق رمیش جو چائے فروش تھا اپوگوڑہ میں رہتا تھا اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔