و 550ویں گرونانک جینتی کے موقع پر8لاکھ عقیدت مندوں کی شرکت متوقع

بیدر میں سکھ طبقہ کی معروف شخصیت ڈاکٹرسردار بلبیر سنگھ سے نمائندہ سیاست اختررحمن کا انٹرویو

بیدر۔ 23؍ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ڈاکٹر سردار بلبیرسنگھ کی شخصیت بید رکی تعلیمی ترقی میں ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ سکھ طبقہ کی واحد ایسی شخصیت ہیں جنہیں مذہبی سے زیادہ سماجی شخصیت کہناچاہیے۔ بیدر گردوارہ ، جنواڑہ گردوارہ ، گرونانک پبلک انگلش اسکول، گرونانک دیو انجینئرنگ کالج ، گرونانک اسپتال اور دیگر ادارہ جات کے وہ اہم ترین ذمہ دارہیں۔ ان کی اہلیہ ریشماں کوربھی اس میں برابر کی شریک ہیں۔ اور اتنا ساراپھیلاہواکاروبار ان کے نزدیک کاروبار نہیں بلکہ ایک ایسی سماجی خدمت ہے جو عوامی خدمت کے جذبہ سے بلالحاظ مذہب اور طبقہ انجام دی جارہی ہے۔ غلام علی اور گلزار ان کے پسندید گلوکار اور شاعر ہیں۔ موصوف کے والد سردار جوگاسنگھ بیدر کے مسلمانوں کی ہردلعزیز شخصیت تھے۔ مذکورہ ادارہ جات کے وہ بانی رہے۔ ڈاکٹر ایس بلبیر سنگھ کو مذکورہ ادارے وراثت اورروایت کے بطور ملے ہیں لیکن ان اداروں کی سرداربلبیرسنگھ جی جان سے خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ ہفتہ کو ان سے لیاگیا انٹرویو پیش خدمت ہے۔ ڈاکٹر بلبیرسنگھ نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ سال 2019کے ماہ نومبر کی 11,10اور12تواریخ میںسکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو صاحب کی550ویں جینتی دنیا بھر میں منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر گرونانک جی کی تعلیمات کو پیش کیاجائے گا۔ اسی حوالے سے کرتار پور (پاکستان) میں راستہ کھولنے کی بات چل رہی ہے۔ وہاں سکھوں کامقدس مقام ہے ۔ اسی طرح جنوبی ہندوستان میں بیدر کاگرونانک جی کاگردوارہ تاریخی حیثیت رکھتاہے۔ یہاں پر مذکورہ تواریخ میں تقاریب ہوں گی ۔ ایک اندازے کے مطابق 7تا8لاکھ سکھ زائرین 11,10 اور 12 نومبر 2019 کو بیدر پہنچیں گے۔ بیدر میں واقع انجینئرنگ کالج کے بارے میں بتایاکہ یہاں میکانیکل، سیول، کمپوٹر سائنس، الیکٹریکل انجینئرنگ ، الیکٹرانکس کمیونکیشن ، انفارمیش سائنس انجینئرنگ اور آٹوموبائل جملہ 7ٹریڈہیں۔ جبکہ علیحدہ سے ایم بی اے اور ایم ٹیک کی سہولت بھی میسر ہے۔انھوں نے زور دے کر کہاکہ صرف سیول پر توجہ دینے میں کامیابی ہوگی ایسی بات طلبہ کو نہیں سوچنی چاہیے۔ سوفٹ وئیر انڈسٹری میں بھی اسکوپ ہے۔ ہمارے پاس سیول میں لڑکیوں نے بھی داخلہ لے رکھاہے۔ اب صنفی امتیازات کادور نہیں رہا۔ بلکہ ہر شعبہ میں لڑکوں سے آگے لڑکیاں نام کمارہی ہیں۔ گرونانک پبلک اسکول کی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہاکہ ہمارا کسی سے مقابلہ نہیں ہے ۔ شہر میں بہت سے اسکول ہیں ۔ اگر کوئی گرونانک پبلک اسکول کو ترجیح دیتاہے تو یہ اس کی اپنی پسند ہے تاہم ہمارا اسٹاف قدیم ہے۔گذشتہ 30 تا 40 سالہ بھروسہ مندا سٹاف ہم رکھتے ہیں۔اسٹاف کو بھی اسکول انتظامیہ پرپورابھروسہ ہے۔ اسکول انتظامیہ اور اسٹاف میں درست تال میل یہاں دیکھنے کوملتا ہے۔ گرونانک اسپتال کے بارے میں دریافت کئے گئے سوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ گرونانک اسپتال سری نانک جھیرہ صاحب فاؤنڈیشن کے تحت چلتاہے۔ آج بھی پہلے والا اسٹاف ہی ہے۔ ڈاکٹرس کی تبدیل عمل میں آتی ہے۔ موجودہ ٹیم اچھی ہے۔ ہوسکتاہے اسی سبب اسپتال کی شہرت ہورہی ہوگی لیکن ہم یہ بتادیں کہ دیگر اسپتال کے مقابلے ہم نہایت ہی کم فیس لیتے ہیں۔ خدمت کے جذبہ سے کام جاری ہے۔ بلکہ ہماراہرکام نان کمرشیل ہے۔ خدمت ہی ہمارا مقصد زندگی ہے۔اس موقع پرکالج انتظامیہ کے ذمہ دار سردار جگتار سنگھ اوردیگر موجودتھے۔