و نڈے ٹیم میں جگہ بنا سکتا ہوں:یونس خان

دبئی۔23اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین یونس خان نے آسٹریلیاکے خلاف سنچری کا سہرا اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو دیتے ہوئے کہا کہ مجھ میں ہنوز کرکٹ باقی ہے اور و نڈے ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے میرے امکانات موجود ہیں۔ دبئی میں ریکارڈ سنچری کے بعد پریس کانفرنس میں یونس خان سے سوال کیا گیا کہ چھکا مار کر سنچری اسکور کرناکیا اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ و نڈے کھیل سکتے ہیں ؟ اس پر یونس خان نے اپنے مخصوص انداز میں قہقہہ لگایا اور کہا کہ ونڈے ٹیم میں واپسی کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔یونس نے کہا کہ میرے پورے کیر یئر کے دوران میرے لئے صورتحال آسان نہ رہی اور ہر مرتبہ حالات میرے خلاف رہے۔مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ملک کے لئے کارکردگی دکھانے کو تر جیح دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سنچری پر چھکا مارنے کے پیچھے کہانی ہے۔مائیکل کلارک ’’مائنڈ گیم‘‘ کھیلتے ہیں۔ میں نے ایک گیند ضائع کی تو وہ زور سے ہنسے اور تمام فیلڈروں کو قریب کرلیا ۔

یونس خان نے کہا کہ پاکستان میں میرے دوست اور گھر والے کہتے تھے کہ میں نے چھ ٹسٹ میچوں میں آسٹریلیاکے خلاف کوئی ٹسٹ سنچری اسکور نہیں کی ہے۔میں نے جواب دیا کہ اگر میں نے سنچری بناکر تاریخ رقم کردی تو سہرا آپ تمام لوگوں کو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹسٹ کھیلنے والے تمام ممالک کے خلاف سنچری بنانا اعزاز ہے۔مجھے فخر ہے کہ اس فہرست میں کوئی پاکستانی بھی شامل ہے۔جب میں نے یوسف کی سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرلیا تو میں نے سوچا کہ میری آسٹریلیا کے خلاف سنچری نہیں ہے۔ لیکن اب آسٹریلیا کے ساتھ عظیم انضمام الحق کے برابر سنچریاں بناکر فخر محسو س کررہا ہوں۔ آسٹریلیا کی بولنگ آسان نہ تھی۔میچل جانسن سمیت تمام بولر خطرناک انداز میں بولنگ کررہے تھے۔گر می میں اچھی بولنگ کے خلاف بڑی اننگز بنانے پر خوش ہوں۔