وی کے سنگھ جموں و کشمیر پیانل کے روبرو پیش ہونے میں ناکام

جموں 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )سابق فوجی سربراہ جنرل وی کے سنگھ آج جموں و کشمیر مقننہ کونسل کے روبرو پیش ہونے میں ناکام رہے ۔ ریاستی قائدین کے خلاف متنازعہ ریمارکس پر انہیں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم تازہ سمن جاری کرتے ہوئے 22 جنوری کو پیانل کے روبر و حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ وی کے سنگھ آج مراعات کمیٹی کے روبرو پیش ہونے میں ناکام رہے جہاں انہیں ریاستی سیاسی قائدین کے خلاف الزامات پر وضاحت پیش کرنی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ فوج کی طرف سے ریاستی سیاسی قائدین کو رقومات ادا کی جاتی ہے ۔

اس ریمارک پر کارروائی کرتے ہوئے پیانل نے انہیں پیش ہونے کیلئے سمن جاری کیا تھا۔ تاہم جنرل وی کے سنگھ کے قریبی ساتھی نے دعوی کیا ہے کہ مراعات کمیٹی کو تحریری جواب بھیج دیا گیا ہے لیکن کمیٹی نے اسے قبول نہیں کیا اور انہیں شخصی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی ۔ جگل کشور شرما کی زیر قیادت کمیٹی نے ہریانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے ذریعہ سمن جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہیں 22 جنوری کو 2.30 بجے دن شخصی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ۔ مراعات کمیٹی کے رکن دویندر سنگھ رانا نے اجلاس کے اختتام پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنرل وی کے سنگھ حاضر ہونے میں ناکام رہے تو قانون کے مطابق ضروری کارروائی کی جائے گی ۔جنرل وی کے سنگھ کے دوست کرنل یو بی سنگھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ وی کے سنگھ نے مراعات کمیٹی کو تحریری طور پر جواب بھیج دیا ہے لیکن کمیٹی نے اسے قبول یا مسترد کرنے کے بارے میں اپنا موقف واضح نہیں کیا۔

جاسوسی اسکینڈل ،تحقیقاتی کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا:امیت شاہ
لکھنو 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کے سابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ مرکز نے جاسوسی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے ہنوز کمیشن تشکیل نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کریت ہوئے کہا کہ جہاں تک انہیں اطلاع ہے یہ کمیشن ابھی تشکیل نہیں دیا گیا لیکن جب کبھی انہیں طلب کیا جائے گا تو وہ ضرور اپنا موقف پیش کریں گے ۔ گجرات پولیس کی جانب سے مودی اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے راست جواب دینے سے گریز کیا ۔انہوں نے کہا کہ شکایت پر پولیس نے جو کارروائی کی اس کا جواب بھی انہیں سے پوچھئے۔ اس معاملہ میں وہ مزید کچھ کہنا نہیں چاہتے۔