وی وی ایس لکشمن کا بینک اکاونٹ ہیک کرلیا گیا ، خصوصی ٹیم کولکتہ روانہ

حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( پی ٹی آئی ) : سابق کرکٹر و وی ایس لکشمن کے بینک اکاونٹ مبینہ طور پر ہیک کرتے ہوئے دھوکہ دہی کے ذریعہ 10 لاکھ روپئے نکال لینے والے گرفتار ملزم سے پوچھ تاچھ کے لیے اسپیشل سائبر آباد پولیس ٹیم آج کولکتہ روانہ ہوگئی ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ( کرائم ) سائبر آباد جی جانکی شرمیلا نے بتایا کہ ملزم کی اعجاز کی حیثیت سے شناخت کی گئی جسے تحقیقات کے حصہ کے طور پر اندرون دو یوم ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد لایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ملزم سے کولکتہ میں آئندہ دو تا تین دن تفتیش کی جائے گی ۔ کل اتوار ہونے کی وجہ بینکس کو تعطیل ہوگی ۔ لہذا پیر کو بنک ریکارڈس کی جانچ کی جائے گی اور پھر ملزم کو حیدرآباد لایا جائے گا ۔ اعجاز کو جو مالڈہ کا ساکن ہے کل کولکتہ پولیس نے مبینہ طور پر وی وی ایس لکشمن کے بینک اکاونٹ سے نیٹ بینکنگ کے ذریعہ دس لاکھ روپئے کی رقم منہا کرنے پر گرفتار کیا ۔ بینک مینجر نے غیر متوقع رقمی لین دین پر پولیس کو خبردار کیا ۔ ملزم کا دعویٰ ہے کہ اس نے کرکٹر کے بینک اکاونٹ کا سرقہ نہیں کیا بلکہ بعض کے دئیے گئے فنڈس جمع کئے ۔۔