ویڈیو: ایک ’ غدار‘ میرا بیٹا نہیں ہوسکتا‘ سیف اللہ کے والد نے کہا

کانپور(یوپی):اترپردیش پولیس کے ہاتھوں انکاونٹر میں ہلاک ائی ایس کے مشتبہ دہشت گرد سیف اللہ کے والد سرتاج نے کہاکہ ’’ ایک غدار میرا بیٹا نہیں ہوسکتا‘ ‘۔

انہو ں نے سیف اللہ کی نعش لینے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی حفاظت اور سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کا مجھ سے کوئی رشتہ ناطہ نہیں ہے۔

اسے تو اللہ بھی معاف نہیں کریگا۔چکیری میں رہنے والے سیف اللہ کے والد سرتاج نے کہاکہ تقریبا ڈھائی ماہ قبل وہ گھر سے ممبئی جانے کی بات کہہ کر نکلا تھا۔وہاں سے وہ ویزا لیکر دبئی جانے والاتھاجس کے بعد اس نے ہم سے کبھی رابطہ نہیں کیا۔

میں نہیں جانتا کہ وہ دہشت گرد تنظیم ائی ایس ائی ایس سے کس طرح وابستہ ہوگیا۔ اپنے وطن سے غداری کرنے والے کا والد کہنے میں مجھے ذلت محسوس ہورہی ہے۔ میرے کنبے نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم سیف اللہ کی نعش نہیں لیں گے۔

اسے تو اللہ بھی معاف نہیں کریگا۔باپ کے علاوہ اطراف واکناف کے لوگ او ررشتہ دار بھی سیف اللہ کا رابطہ ائی ایس ائی ایس سے ہونے کی خبر پر اس سے دوریاں بناتے ہوئے دیکھے گئے اورکچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔

یو پی اے ٹی ایس کے ہاتھوں ہلاک سیف اللہ کی نعش لینے سے اس کے بھائی خالد نے بھی انکارکردیا۔ خالد نے بتایاکہ سیف اللہ نے بی کام کی تعلیم حاصل کی تھی۔

کانپور سپریڈنٹ آف پولیس سمن ورما نے کہاکہ ہم نے سیف اللہ کے گھر والوں سے رابطہ قائم کیامگر وہ سیف اللہ کی نعش لینے سے انکار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دعوی کیا ہے کہ پولیس دوبارہ افراد خاندان سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں منانے کی کوشش کریگی۔

درایں اثنادہشت گرد ی کے الزام میں ماخود دیگر دو نوجوانوں کے گھر والوں کا دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بچے بے قصور ہیں۔