ویپرو کی آئی ٹی انجینئر خاتون کی خودکشی

حیدرآباد۔/2مارچ، ( سیاست نیوز) گچی باؤلی میں ویپرو فرم کی آئی ٹی خاتون انجینئر کی آج پُراسرار طور پر موت واقع ہوئی۔ پولیس کو اس کی نعش صبح 7:30 بجے گچی باؤلی علاقہ میں اس کے ہاسل کے قریب دستیاب ہوئی۔ سائبرآباد پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ خاتون کا نام رانی منیشا بتایا گیا ہے ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ اس نے منگل کی رات اپنے ہاسٹل کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ اس کو منگل کی شب 10بجے آخری مرتبہ دیکھا گیا تھا ۔ اس کے ساتھ روم میں رہنے والی ایک خاتون نے یہ بات بتائی۔ جھارکھنڈ کی متوطن رانی منیشا کی نعش بالاجی اندرا نگر ہاسٹل کے باہر دستیاب ہوئی تھی۔ وہ گزشتہ ایک سال سے ویپرو میں کام کررہی تھی ، کچھ دنوں سے وہ ذہنی تناؤ کا شکار تھی ، اس کے والدین اسے واپس وطن آنے کی ترغیب دے رہے تھے۔ تاہم پولیس نے اس خودکشی کے پیچھے پُراسرار راز کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔ ہاسٹل کے ذمہ داروں نے بتایا کہ رانی تنہائی پسند لڑکی نہیں تھی بلکہ ملنسار اور خوش مزاج لڑکی تھی۔