ڈھاکہ ۔5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔ میڈیا کانفرنس میں جب ان سے بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی صورتحال کا سامنا کر سکتے ہیں، لڑکیاں کرکٹ کھیلنا چاہتی تھیں اور انہیں ان کی بہادری پر شاباشی ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک میں حالات بہتر نہیں ہے وہاں جا کر ان لڑکیوں نے ثابت کیا کہ وہ بہادر ہیں اور یہ پاکستانی خواتین کیلئے بھی خوش آئند ہے۔ حسینہ واجد نے کہا کہ پاکستان میں اسپورٹس اور دیگر پروگراموں میں جانے میں کوئی برائی نہیں ہے۔