ویملواڑہ میں ہر گھر کو پانی کی سربراہی کے اقدامات

ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد، ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب
ویملواڑہ /4 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت آنے والے تین برسوں میں ریاست میں ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی کا نشانہ رکھتی ہے۔ ویملواڑہ منڈل آگر ہارا کے نزدیک 1132 کروڑ کے صرفہ سے ترقیاتی کاموں کی سنگ بنیاد تقریب کے موقع پر ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں یہاں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بتایا کہ ویملواڑہ، سرسلہ، چپا ڈنڈی اسمبلی حلقہ جات کے 370 دیہاتوں کے ہر گھر کو پانی کی سربراہی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایلم پلی پراجکٹ کے ذریعہ ان اسمبلی حلقوں کے دیہاتوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ ویملواڑہ رکن اسمبلی سی ایچ رمیش بابو نے کہا کہ ویملواڑہ کی ترقی کے لئے ریاستی وزیر کے ٹی آر خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس اجلاس میں چیرمین ضلع پریشد ٹی اوما، ضلع کلکٹر نیتو کماری پرساد رویندر راؤ، ضلع ٹی آر ایس صدر ای شنکر ریڈی، میئر کریم نگر رویندر سنگھ، آر ڈی او ایس نائک، سیس چیرمین لکشمن ریڈی، مقامی محکمہ آب رسانی کے عہدہ داروں، بلدی چیرمین این اوما، ایم پی پی وینکٹیش گوڑ، زیڈ پی ٹی سی سریکانت، ویملواڑہ منڈل ٹی آر ایس صدر اے امریش اور دیگر کارکن موجود تھے۔