ویملواڑہ۔/19نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین اے منوہر ریڈی کی موجودگی میں یوم پیدائش تقریب منائی گئی۔ اس موقع پر اے منوہر ریڈی نے بتایا کہ اندرا گاندھی کے دور حکومت میں انہوں نے غریب طبقہ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین کارنامے انجام دیئے۔ بعد ازاں یوتھ کانگریس کی قیادت میں اسپتالوں میں بریڈ اور پھل تقسیم کئے گئے۔ اس پروگرام میں کانگریس کے سینئر قائدین پوشٹی، جی رمیش، کے سرینواس، منڈل کے صدر ایرام راجو اور دیگر نے شرکت کی۔
کوہیر میں معذورین کیلئے طبی کیمپ
کوہیر۔/19نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر مسٹر اسٹیون نیل نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 21نومبر کو صبح سے شام تک اپاہج اور معذورین کے لئے میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ کیمپ کے تیسرے دن سرٹیفکیٹ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ پنچایت سکریٹری یا پھر منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر سے رجوع ہوکر فارم نمبر Aحاصل کرتے ہوئے اس کی خانہ پُری کریں۔ اس کے بعد آدھار کارڈ یا پھر راشن کارڈ زیراکس کاپی اور ایک عدد فوٹو چسپاں کرکے ظہیرآباد سرکاری دواخانہ پہنچ جائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ 21نومبر کوہیر منڈل اور ظہیرآباد منڈل کے لئے مختص کیا گیا ہے۔22نومبر جھرہ سنگم منڈل اور نیالکل منڈل کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ ضرورت مند لوگ شرکت کرتے ہوئے استفادہ کریں۔