ویلفیر پارٹی کے ارکان عوامی خدمات میں مصروف ہوجائیں

نظام آباد۔ 13 مئی (فیاکس) صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا آندھرا پردیش جناب ملک معتصم خان امیدوار حلقہ پارلیمان نظام آباد نے بلدی انتخابات کے نتائج پر عوام سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ملک معتصم خان نے کہا کہ ویلفیر پارٹی نے آندھرا پردیش و تلنگانہ میں بلدی انتخابات میں بھرپور و پرجوش انداز میں حصہ لیا ہے۔ مجھے بڑی خوشی ہے کہ ویلفیر پارٹی کے وابستگان نے الیکشن کے موقع پر عوام کا بھرپور تعاون کیا اور عوام نے بھی قائدین کا تعاون کیا ہے۔ ہمارے جلسوں، جلوسوں و ریالیوں میں خواتین و نوجوانوں افراد نے جو کام کیا ہے، ریاست کی بڑی بڑی پارٹیاں بھی ہماری سرگرمیوں کو دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جہاں تک نتائج کا معاملہ ہے، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ نتائج کسی پارٹی کی سرگرمی و مقاصد کا واحد پیمانہ نہیں ہے۔ ویلفیر پارٹی ابھی ابتدائی دنوں میں ہے اور ہم اس کم وقفہ میں اپنے آپ کو سب سے زیادہ موثر و کارآمد ثابت کرنے سے قاصر رہے ہیں، لیکن ویلفیر پارٹی کی الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ یہ ہے کہ عوام ،ویلفیر پارٹی کو جانیں اور ویلفیر پارٹی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے انتخابی مہم کی باریکیوں کو سمجھنے ،سیکھنے اور قانون کے طریقہ کار سے آگاہی حاصل کرسکے۔صدر ڈبلیو پی آئی اے پی نے ویلفیر پارٹی کے وابستگان سے اس بات کی خواہش کی ہے کہ الیکشن کی کارروائیوں کے فوری بعد عوامی خدمت و رفاہی کاموں میں مشغول و مصروف ہوجائیں۔ آخر میں عوام سے مخاطب ہو کر انہوں نے کہا کہ ویلفیر پارٹی نے جو تجربات اس الیکشن میں حاصل کئے ہیں، وہ ان تجربات سے ضرور مستقبل میں فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے عوام سے اس بات کی بھی خواہش کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ویلفیر پارٹی کے ساتھ تعاون کو برقرار رکھیں گے اور اس کے ہر کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔