ویسٹ انڈیز کیخلاف ہندوستان 4 وکٹوں سے فاتح

پرتھ ۔ 6 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) فاسٹ بولر محمد سمیع کی شاندار بولنگ اور نشانہ کے تعاقب میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ہمراہ روی چندرن اشون کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چمپیئن ہندوستانی ٹیم نے یہاں کھیلے گئے کم اسکور کے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو جدوجہد کے بعد بالآخر 4 وکٹوں سے شکست دی ۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ 183 رنز کے تعاقب میں ایک موقع پر ہندوستانی ٹیم 134رنز پر ہی 6 کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرچکی تھی اور اس موقع پر کامیابی کیلئے ہندوستانی ٹیم کو 49 رنز درکار تھے اس موقع پر دھونی اور اشون نے کسی اور نقصان کے بغیر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ دھونی نے 56 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 45 جبکہ اشون نے 32گیندوں میں 16 رنز اسکور کئے ۔ کم اسکور کے تعاقب میں بھی روہت شرما (7) ، شکھر دھون (9) ، ویراٹ کوہلی (33) ، اجنکیا رہانے (14)، سریش رائنا (22) اور رویندر جڈیجہ (13) جلد آؤٹ ہوگئے ۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن محمد سمیع نے 8 اوورس میں 35 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 182 تک محدود رکھا ۔ سمیع نے ڈیرن اسمتھ (6) ، کرس گیل (21) اور اہم موقعہ پر ڈیرین سمی (26) کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ بھونیشور کمار کے مقام پر سمیع کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جنھوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین آف دی میچ حاصل کیا ۔ دیگر بولروں میں اومیش یادو نے 42 رنز اور رویندر جڈیجہ نے 27 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔