لیڈز۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز کے شاندار مظاہروں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جیسا کہ تادم تحریر مہمان ٹیم نے 322 رنز کے تعاقب میں 50 اوورس کے کھیل کے بعد 2 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا لئے ہیں۔ براتھ ویٹ (74) اور ہوپ (67) رنز بنا چکے ہیں۔ قبل ازیں انگلش آل راؤنڈر معین علی کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں مستحکم موقف حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو میچ میں کامیابی کیلئے 322 رنز کا نشانہ دیا ہے۔ہیڈنگلے میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں انگلینڈ نے 171 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو جو روٹ اور ڈیوڈ ملان وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا اور اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کروائی لیکن 212 کے مجموعی اسکور پر روٹ 72 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ڈیوڈ ملان کا ساتھ نبھانے بین اسٹوکس آئے اور کھانے کے وقفے تک دونوں کھلاڑیوں نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔