جمائیکا۔4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے 13 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس سے کریگ بریتھ ویٹ کو خارج کردیا گیا جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کے سبب اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ٹوئنٹی20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کرنے والے کارلوس بریتھ ویٹ نے ملک کی بجائے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کو ترجیح دی ہے ۔گزشتہ سال پاکستان کے خلاف بین الاقوامی کریر کا آغاز کرنے والے کریگ بریتھ ویٹ کو بدترین اسٹرائیک ریٹ کے سبب اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا لیکن ایون لوئس ٹی20 میچوں میں متاثر کن کھیل پیش کرنے پر ونڈے اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔آئی سی سی درجہ بندی میں آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود پاکستان اور ویسٹ انڈیز کیلئے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی کا چیلنج درپیش ہے۔پاکستان کو نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈیز ٹیم پر پانچ نشانات کی برتری حاصل ہے اور سیریز جیتنے اور خصوصاً کلین سوئپ کی صورت میں وہ اپنا مقام کو مستحکم کر کے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کے امکانات روشن کر سکتے ہیں۔ سیریز میں ویسٹ انڈیز کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کیلئے راست میگا ایونٹ میں جگہ بنانا مشکل ہو جائے گا اور چیمپیئنز ٹرافی میں مزید ناکامیوں سے اس کی راہ دشوار ہو جائے گی۔سیریز کیلئے ویسٹ انڈین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔جیسن ہولڈر(کپتان)، ایون لوئس، کیرن پاول، جوناتھن کارٹر، چیڈوک والٹن، روومین پاول، میگوئل کمنز، جیسن محمد، شے ہوپ، الزاری جوزف، ایشلے نرس، دویندرا بشو اور شینن گیبریئل۔