سینٹ لوشیا (ویسٹ انڈیز)۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپنر سلیمان بین نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیروم ٹیلر نے اپنے کریر میں 100 ٹسٹ وکٹیں مکمل کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں اپنی ٹیم کی 296 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ ویسٹ انڈیز 500 ویں ٹسٹ میں شرکت کررہی تھی اور مذکورہ بولروں نے ٹیم کو ایک بڑی کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا۔ ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹسٹ میں بنگلہ دیش کو کامیابی کیلئے 489 رنز کا نشانہ دیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 192 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 269/4 پر ختم کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو کامیابی کیلئے ایک ریکارڈ نشانہ دیا لیکن تمیم اقبال اور مومن الحق کی نصف سنچریوں کے باوجود مہمان ٹیم 200 رنز کے نشانہ کو بھی عبور نہ کرسکی۔ اوپنر تمیم اقبال نے 181 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 64 رنز جبکہ مومن الحق نے 139 گیندوں میں 56 رنز اسکور کئے۔ سلیمان بین نے 32 اوورس میں 72 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹیلر نے 39 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ چندر پال نے ناقابل تسخیر 101 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے میان آف دی میچ اور ان کے ساتھی اوپنر کریک براتھویٹ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا نیز ویسٹ انڈیز نے دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں بنگلہ دیش کو ہر شعبہ میں بے بس کیا۔