ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کیخلاف ٹوئنٹی 20 سیریز جیت لی

برج ٹاؤن ۔12 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے مڈل آرڈر میں وکٹوں کے اچانک زوال پر قابو پاتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ سیریز کا آخری مقابلہ کل کھیلا جائے گا ۔ جاس بٹلر نے اپنے کیرئیر کی بہترین اننگز 67 رنز کی کھیلی تاہم وہ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہیں کرپائے جیسا کہ انگلش ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز اسکور کئے ۔ انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 152 رنز جو اسکور کئے اس میں بٹلر کے علاوہ اڈم ہالس نے 40 رنز کی اننگز کھیلی اس کے علاوہ روی بوپارا 14 رنز بناتے ہوئے ٹیم کے دوہرے ہندسے کا اسکور بنانے والے تیسرے کھلاڑی ثابت ہوئے ۔

انگلش ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کرنے میں زخمی اسپنر سنیل نارائن کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کرشمار سنٹوکی نے 21 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے کلیدی رول ادا کیا۔ جوابی اننگز میں حالانکہ ویسٹ انڈیز نے بہتر شروعات کی تھی اور 15 ویں اوور میں اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز اسکور کرلئے تھے لیکن 5 رنز کے اضافہ کے بعد تین وکٹوں کے زوال نے ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں اضافہ کردیا تھا تاہم اس موقع پر کپتان ڈرین سامی نے 9 گیندوں میں ناقابل تسخیر 30 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو 7 گیندیں قبل مطلوبہ نشانہ 155/5 کی شکل میں دلوادیا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے سامی نے کہا کہ سیریز میں کامیابی اور آخری مقابلے میں فتح کے ذریعہ ہم بنگلہ دیش روانہ ہونا چاہتے ہیں جہاں ٹیم اپنے عالمی ٹوئنٹی 20 خطاب کا دفاع کرے گی ۔ علاوہ ازیں زخمی براڈ کے مقام پر ٹیم کی قیادت کرنے والے انگلش کارگذار کپتان ایان مرگن نے کہا کہ ٹیم نے 15 تا 20 رن کم اسکور کئے جس کا واضح فرق مقابلے پر پڑا ۔