پورٹ آف اسپین ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن میزبان ویسٹ انڈیز مقابلہ میں کامیابی کے قریب پہنچ چکی ہے جیسا کہ کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 257/8 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسے مقابلہ میں مجموعی طور پر صرف 18 رنز کی سبقت حاصل ہے اور اس کی صرف دو وکٹیں باقی ہیں۔ واٹلینگ 150 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 38 اور گریک 102 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 29 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو امکانی اننگز شکست سے محفوظ رکھا ہے جس کے باوجود ویسٹ انڈیز کا مقابلہ میں موقف انتہائی مستحکم ہے جس کی بدولت وہ سیریز میں کامیابی کے ذریعہ واپسی کرے گی۔ نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور 73/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے لئے کین ولیمسن نے 178 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کا اعظم ترین انفرادی اسکور بنایا ہے۔ واضح رہیکہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 221 رنز اسکور کئے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے 460 رنز بنائے ۔