اجزاء : تیل: حسب ضرورت، پیاز ایک عدد ( باریک کاٹ لیں) ۔ گاجر دو عدد ( کدو کش کرلیں ) شملہ مرچ، ایک عدد ( کاٹ لیں ) ۔ چھوٹا بند گوبھی، ایک عدد ( باریک کاٹ لیں) ۔ ہری پیازدو عدد( باریک کاٹ لیں ) سویا سوس ایک کھانے کا چمچہ۔ رول کی پٹیاں دس عدد۔ کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ ( دو چمچے پانی میں ملا کر پیسٹ بنالیں ) ۔ نمک حسب ذائقہ ، کالی مرچ حسب پسند۔
ترکیب: ایک کڑھائی میں دو کھانے کے چمچے تیل گرم کریں، پھر اس میں ہری پیاز کے سوا تمام سبزیوں کو تیز آنچ پر اتنا فرائی کریںکہ یہ نرم ہوجائیں۔ اب ان سبزیوں میں نمک، کالی مرچ اور سویا سوس شامل کرکے چلائیں اور ڈھانپ کر اس وقت تک پکائیں جب تک کہ سبزیاں گل نہ جائیں۔ اس کے بعد انہیں ٹھنڈا کرنے کیلئے ایک جانب رکھ دیں۔ اب رول کی پٹیوں کو کسی ہموار سطح پر پھیلائیں۔ فرائی کی ہوئی سبزیوں کو دس برابر حصوں میں تقسیم کریں اور ایک حصے کو چمچے کی مدد سے رول کی پٹی کے ایک جانب رکھ کر لمبائی میں پھیلائیں۔ اب پٹی کو فولڈ کریں اور پھر اس کے کنارے بھی اچھی طرح فولڈ کردیں۔ پٹی کے آخری سرے پر کارن فلور کا آمیزہ لگائیں اور رول کو اچھی طرح چپکا کر بند کردیں۔ باقی رولز بھی اسی طریقے پر عمل کرتے ہوئے تیار کرلیں۔ اس کے بعد کڑھائی میں رولز کو ڈیپ فرائی کرنے کیلئے درمیانہ آنچ پر تیل گرم کریں۔ اب احتیاط کے ساتھ ایک ایک کر کے اتنے اسپرنگ رولز کڑھائی میں ڈالیں جتنے کہ ایک وقت میں آسانی کے ساتھ فرائی کئے جاسکیں۔ سنہری اور خستہ ہوجانے تک تلیں اور پھر نکال کر پیپر ٹاول پر رکھیں۔ اضافی تیل کاغذ میں جذب ہونے پر سرونگ پلیٹ میں رکھ کر کچپ یا چٹنی کے ساتھ گرم گرم کھاسکتے ہیں۔