بھولپور (مغربی بنگال)۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج بتایا ہے کہ ویاپم اسکام کی غیرجانبدار اور اہل ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کے حق میں ہیں چونکہ اسکینڈل کے چرچے اب قومی دارالحکومت تک پہنچ گئے ہیں، ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک تشویشناک معاملہ ہے جس میں سلسلہ وار قتل و خون کی وارداتیں پیش آرہی ہیں۔ یہ دریافت کئے جانے پر سی بی آئی تحقیقات مناسب رہے گی؟ چیف منسٹر مغربی بنگال نے الٹا سوال کیا کہ صرف سی بی آئی کیوں؟ ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، لیکن سی بی آئی بھی تمام کیسوں کو حل کرنے کے قابل نہیں ہے لہذا میں چاہتی ہوں کہ ایک غیرجانبدار لائق ایجنسی کے ذریعہ ویاپم اسکام کی تحقیقات کروائی جائے۔ ترنمول کانگریس سربراہ نے کل بتایا تھا کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران اسکام کو اٹھائے گی اور سپریم کورٹ کی زیرنگرانی تحقیقات کا مطالبہ کرے گی۔