وہیل چیر ٹینس کھلاڑی پربھو ‘ پدم شری ملنے پر مسرور

بنگلور 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے وہیل چئیر ٹینس اسٹار بی پربھو نے پدم شری ایوارڈ ملنے کے بعد اس امید کا اظہار کیا کہ وہ شائد حکومت سے 2016 میں برازیل ( ریو ) میں ہونے والے پیرالمپکس میں حصہ لینے کی اجازت حاصل کرپانے میں کامیاب ہونگے ۔ انہو ںنے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پیرالمپک کمیٹی آف انڈیا ان کی کامیابیوںکو ذہن میں رکھے گی اور اب چونکہ انہیں پدم شیر ایوارڈ بھی حاصل ہوگیا ہے اس لئے شائد انہیں ریو میں ہونے والے اولمپکس میں حصہ لینے کیلئے منتخب کیا جائے ۔ یہ کمیٹی پیرالمپک گیمس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے اتھیلیٹس کے انتخاب کی ذمہ دار ہے ۔ بی پربھو نے 1996 میں اٹلانٹا پیرالمپکس میں حصہ لیا تھا تاہم اس کے بعد سے وہ کسی طرح کے مقابلوں میں حصہ نہیں لے پائے ہیں۔ حالانکہ وہ ہندوستان میں سب سے بڑا رینک رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کی کمیٹی انہیں ریو پیرا لمپکس میں حصہ لینے کی اجازت دیتی ہے تو وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے ۔ اگر وہ اپنے ملک کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرپائیں تو یہ ان کیلئے قابل فخر ہوگا ۔ بی پربھو بڑے گرانڈ سلام وہیل چئیر ٹینس مقابلوں میں کسی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل تک پہونچنے والے واحد وہیل چئیر ٹینس کھلاڑی ہیں۔ وہ آسٹریلین اوپن ‘ برٹش اوپن ‘ فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پدم شری ایوارڈ کیلئے منتخب کئے جانے پر بہت مسرت محسوس ہورہی ہے کیونکہ انہوں نے 20 سال کے کیرئیر میں سخت جدوجہد کی ہے ۔

سری لنکا وومنس کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے خلاف ٹوئنٹی 20 میں شکست
وجیانگرم 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا وومنس کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں نو رنوں سے شکست ہوگئی اس طرح وہ تین میچوں کی اس سیریز میں کامیابی سے چوک گئی ۔ اس نے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ آج سری لنکا کی چار بلے باز رن آوٹ ہوئیں جس سے اس کی کامیابی کے امکانات متاثر ہوگئے ۔ ہندوستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹس کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے ۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم صرف 118 رن ہی بناسکی اور شکست کھا گئی ۔ دو میچس کی سیریز اب 1 – 1 سے برابر ہوگئی ہے ۔