وکٹوریہ کو شکست، سرینا نے برسبین اوپن جیت لیا

برسبین 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس نے 2013 ء کے اپنے شاندار فام کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے آج یہاں سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن سے قبل کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ برسبین انٹرنیشنل میں عالمی نمبر 2 وکٹوریہ آئزرینکا کو ایک مسابقتی مقابلہ میں شکست دیتے ہوئے اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کیا ہے۔ سرینا ولیمس نے فائنل میں 6-4 ، 7-5 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن کے حصول کی مہم کو صحیح سمت گامزن کرلیا ہے۔ سرفہرست امریکی ٹینس اسٹار اِس کامیابی کے ذریعہ اپنے غیر مفتوح موقف کو 22 مقابلوں تک پہنچادیا ہے۔ سرینا نے وکٹوریہ کو شکست دیتے ہوئے یکے بعد دیگرے اپنی دو حریف کھلاڑیوں کے خلاف کامیابی بھی حاصل کی ہے جیسا کہ سیمی فائنل مقابلہ میں سرینا نے شاراپوا کو بھی راست سیٹوں میں شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے چوتھا ونڈے جیت لیا
نیلسن 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ چوتھے ونڈے میں 58 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 5 مقابلوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2-1 کی ناقابل شکست سبقت حاصل کرلی ہے۔نیلسن میں پہلی مرتبہ مقابلہ منعقد ہوا لیکن نتیجہ ڈکورتھ لوئس نظام کے تحت اخذ کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے لئے اوپنر مارٹن گپٹل نے 81 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے 50 اوورس میں ٹیم کے اسکور کو 285/6 رنز تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ جبکہ ویسٹ انڈیز مطلوبہ نشانہ کے تعاقب میں 33.4 اوورس کے کھیل کے بعد 5 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز اسکور کرلئے تھے۔ نیوزی لینڈ جس نے ٹسٹ سیریز میں 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے ابھی سے 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل ہوچکی ہے اور سیریز کا آخری مقابلہ اگلے چہارشنبہ کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔