کولکتہ ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ قومی سلامتی کے مسئلہ پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے لیکن دہشت گرد تنظیموں اور دہشت گردوں کی ’’خوشامد‘‘ کی جارہی ہے اور اس کی وجہ صرف ووٹ بینک سیاست ہے۔ مرکزی وزیر ایک سوال کا جواب دے رہے تھے، جس میں آئی ایس آئی کے ایجنٹوں کے مشتبہ سیاسی روابط کے بارے میں تھا۔ ان افراد کو دو دن قبل نئی دہلی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گڈکری نے کہا کہ ووٹ بینک سیاست کی وجہ سے آج یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کی ووٹ بینک سیاست کیلئے خوشامد کی جارہی ہے۔ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے۔ ملک کی سلامتی کا سوال ہے۔ اس میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کا اجتماعی اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنا چاہئے۔ مسلم ممالک بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ کر رہے ہیں، خاص طور پر پاکستان جس نے ماضی میں ہندوستان سے تین مرتبہ جنگ کی ہے۔ ہمارے اتحاد کو غیر مستحکم کرنے کیلئے نیابتی جنگ شروع کرچکا ہے۔