ووٹوں کی رائے شماری میں کوئی غلطی نہ ہونے پائے

محبوب نگر میں عہدیداران کا اجلاس ‘کلکٹر رونالڈ روز کا خطاب

محبوب نگر ۔ 12؍ مئی ( (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جاریہ ماہ کی 23 تاریخ کو صبح 8 بجے سے محبوب نگر حلقہ پارلیمان کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز کئے جانے کی اطلاع ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر رونالڈ روز نے دی ۔ وہ ہفتہ کے دن ڈی آر او سورنا لتا کے ہمراہ بھگرتا کالونی کے قریب جے پی این ای ایس ووٹوں کی گنتی کے مرکز پر انتظامات کے سلسلہ میں منعقد اجلاس سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے کاؤنٹنگ اسٹاف کو پابند کیا کہ وہ صبح 6-30 بجے رائے شماری مرکز پر حاضر رہیں ۔ انہوں نے حلقہ پارلیمان محبوب نگر کے تحت ‘ محبوب نگر ‘ جڑچرلہ ‘دیوکدرہ‘ مکتھل ‘ نارائن پیٹھ ‘ کوڑنگل‘ اور شادنگر کے اے آر او کو ان کے ذمہ داریوں سے واقف کروایا ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رائے شماری کے لئے 14 ٹیبل رہیں گے جبکہ پوسٹ بیالٹس کے لئے ایک خصوصی ٹیبل رہے گا ۔ انہوں نے اے آر اوز کو ہدایت دی کہ کاؤنٹنگ ہال میں گنتی کے دوران کوئی بھی باہر نہ جائے ‘ مکمل چوکسی اختیار کی جائے ۔ امیدواروں کے ایجنٹس کی تفصیلات حاصل کی جائیں ۔ کوئی غیر متعلقہ شخص ہال میں داخل نہ ہو ۔ گنتی کے راؤنڈز جیسے جیسے تکمیل ہوں فوری اعلان کیا جائے ۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ معمولی غلطی بھی نہ ہونی پائے ۔ کسی بھی قسم کے مسئلہ یا الجھن پر راست مجھ سے ربط پیدا کریں ۔ ٹکنیکل مسائل کے حل کیلئے خصوصی تجربہ کار ٹیم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر محبوب نگر پارلیمان حلقہ کے محفوظ کردہ ای وی ایم اسٹرانگ رومس کا بھی معائنہ کیا ۔ اور سی آر پی ایف فورسیس سے ان کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ اس موقع پر ڈی آر او وقارآباد موتی لال ‘ محبوب نگر ڈی آر او وجئے سرینواس ‘ شادنگر آر آر ڈی او کرشنیا و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔