کریم نگر میں الیکشن کمشنر بھنور لال کی پریس کانفرنس
کریم نگر /6 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آدھار سے ووٹر آئی ڈی کارڈ کو منسلک کرنے میں ضلع نظام آباد نے صد فیصد اندراج کرتے ہوئے میں ملک میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ الیکشن کمشنر بھنورلال نے کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس کو واقف کروایا ۔ ضلع نلگنڈہ دوسرے ، کریم نگر تیسرے اور حیدرآباد چوتھے مقام پر ہے ۔ حیدرآباد کو چھوڑکر تمام اضلاع جاریہ ماہ کی 15 تک ووٹر آئی ڈی کارڈ کو آدھار نمبر سے جوڑلیں ۔ اس ضمن میں اضلاع کے کلکٹرس کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ ضلع میں ابھی ایک لاکھ سے زائد افراد آدھار کارڈ حاصل نہیں کئے ہیں ۔ اسی لئے ضلع میں 20 موبائیل آدھار اندراج کیلئے مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل ہونے والوں اور گھروں کو مقفل رکھنے والے افراد کی تعداد دو لاکھ تک ہے ۔ ان کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں ۔ ان کا اندراج اور جو نہیں ہیں یا فوت ہوچکے ہیں ان کا نام حذف کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے ۔ ملک میں آدھار کے ساتھ ووٹر آئی ڈی کا منسلک کیا جانا صرف دو تلگو ریاستوں میں ہی زیادہ ہوا ہے ۔ دیگر ریاستوں میں بہت کم کارروائی ہوئی ہے ۔ ووٹر آئی ڈی کارڈ کو آئی ڈی کارڈ سے مربوط نہ کرنے والوں کو ووٹر کی حیثیت سے شناحت نہیں کیا جائے گا ۔ آدھار کارڈ ملک میں کہیں سے بھی لیا جاسکتا ہے لیکن مقامی رہنے والوں کو ہی ووٹ ڈالنے کا حق ہوگا ۔ کورٹلہ ، یلاریڈی پیٹ ، منتھنی ، مہادیوپور میں آدھار کا اندراج بہت سست ہے ۔ اسے دور کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کوشش کر رہی ہے ۔ ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے یہ بات بتائی ۔