ووٹرس کو رشوت دینے کھاتوں میں رقومات کی منتقلی

الیکشن کمیشن کی جانب سے مرادآباد بینک سے رپورٹ طلب
نئی دہلی ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں جن دھن بینک کے لگ بھگ 1700 کھاتے پولیں کمشنر کی جانب سے مقررہ نگرانکار ٹیم کی نظر میں آچکے ہیں ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ان کھاتوں کو انتخابات کے دوران مشتبہ رقومات وصول ہورہی ہیں ۔ گذشتہ چند دنوں میں ان کھاتوں میں فی کس 10ہزار روپیوں کے حساب سے جملہ 1.7 کروڑ روپئے جمع کئے گئے ہیں ۔ کھاتو ں میں جمع ہونے والی رقومات کے واقعات و تحقیقاتی اور سراغ رسانی کے محکموں کی نظر میں ہیں ۔ امکان ہے کہ سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں نے ان کھاتوں کا غلط استعمال کر تے ہوئے رائے دہندوں کو رشوت دینے کیلئے ان میں بعض رقومات جمع کروائی ہوں دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انکم ٹیکس کے محکمہ نے بھی اس معاملہ کی چھان بین شروع کردی ہے تاکہ کالا دھن اور مالی تحریضات کا پتہ لگایا جاسکے ۔ الیکشن کمیشن نے ان اداروں سے اس معاملہ میں رپورٹ طلب کی ہے اور متعلقہ بینک سے رپورٹ داخل کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔