خانہ پور /18 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع مجسٹریٹ و کلکٹر عادل آباد مسٹر جگن موہن نے دفتر تحصیلدار خانہ پور کا اچانک دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے ملاقات کے دوران بتایا کہ وہ رائے دہندگان کارڈز کو آدھار سے مربوط کرنے کام کا جائزہ لینے یہاں پہونچے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ووٹر کارڈز کو آدھار سے مربوط کرنے کیلئے کام تیزی سے جاری ہے اور تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ جبکہ خانہ پور منڈل میں یہ کام بہت سست روی سے چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحصیلدار کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ کام میں تیزی لائیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بذریعہ SMS اپنے ووٹر آئی ڈی کو آدھار سے مربوط کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خانہ پور میں SC خواتین کو اراضیات کی تقسیم سے متعلق ہی انہوں نے معائنہ کیا ہے اور بہت جلد خانہ پور میں اراضیات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ ونیز خانہ پور میں جاریہ سال منعقد ہونے والے گوداوری پشکارلو سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا ۔ اس کے بعد تعمیراتی کاموں کیلئے فنڈس جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ خانہ پور میں پینے کے پانی کی سہولت کے خاطر قلت آب کے مسئلہ کے حل کیلئے مسلسل عہدیداروں سے ربط میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خانہ پور میں مستقل فائر اسٹیشن کیلئے حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے اجور حکومت کے احکامات تک خانہ پور میں عارضی فائر اسٹیشن آئندہ ماہ سے خدمات انجام دے گا ۔ کلکٹر عادل آباد نے کہا کہ خانہ پور میں بہت جلد فلٹر بیڈ سے پانی کی سربراہی کیلئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس موقع پر تحصیلدار خانہ پور اے نریندر و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔