ون ڈے میں بھی جلد واپسی کروں گا:رائینا

کیپ ٹاؤن 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 میچ میں مین آف دی میچ رہے ہندوستانی ٹیم کے دھماکہ خیز بلے باز سریش رینا کا کہنا ہے کہ اس کارکردگی سے انہیں کافی اعتماد ملا ہے اور وہ جلد ہی ون ڈے میں بھی واپسی کرنے میں کامیاب رہیں گے ۔31 سال کے رینا نے سنیچر کی رات کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف 27 گیندوں پر 43 رنز بنائے اور تین اوور میں 27 رن دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کیا۔ان کی اس آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔رینا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے تیسرا ٹی 20 میچ سات رن سے جیت کر تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز 2۔1 سے جیت لی۔رینا نے میچ کے بعد کہاکہ دوبارہ واپسی کرنا اور فارم بنانا میرے لئے بہت اہم ہے ۔یہاں اب میں سری لنکا میں (سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز) اور پھر آئی پی ایل کھیلوں گا۔ہمیں آگے صرف کافی میچ کھیلنے ہیں۔میں اس ٹیم کا حصہ رہ چکا ہوں جس نے 2011 میں عالمی کپ جیتا تھا۔ وہ میرا پہلا عالمی کپ تھا اور میرے لئے ایک ناقابل یقین احساس تھا ۔رینا نے کہاکہ بس کچھ اور میچوں کی بات ہے اور میں ون ڈے ٹیم میں میں واپسی کروں گا۔ میں گزشتہ دو سالوں سے کافی محنت کر رہا ہوں۔جم اور میدان دونوں جگہ پسینہ بہا رہا ہوں۔ بس اسی سوچ کے ساتھ محنت کر رہا تھا ۔