کراچی 10 ڈسمبر (پی ٹی آئی) پاکستان کے دو سابق اسٹار کھلاڑیوں شعیب اختر اور محمد یوسف نے اس احساس کا اظہار کیاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ چند ونڈے میچس میں محدود اوورس کے اس کرکٹ کھیل میں سینئر بیٹسمین یونس خان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ان دونوں ہی کھلاڑیوں کا یہ احساس تھا کہ یونس کو بھی فی الحال اس دباؤ کو محسوس کرنا چاہئے۔ ونڈے انٹرنیشنل کھیل میں یونس کے مقام کو اُنھوں نے حق بجانب بھی قرار دیا۔ اختر نے کہاکہ ’’یونس اگر ورلڈ کپ اسکواڈ میں اپنی جگہ بنانا چاہتے ہیں تو یہ (ونڈے) سیریز اُن کے لئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس بات پر پہلے سے کافی بحث جاری ہے کہ آیا وہ (یونس) 50 اوورس کے کھیلوں میں حصہ لینے کے اہل و مستحق بھی ہیں؟ اگرچہ اس بات پر کوئی شبہ نہیں ہے کہ ٹسٹ میں ان کا انتخاب یقینی ہے‘‘۔ اختر نے مزید کہاکہ ’’میں کہوں گا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ماباقی ونڈے میچوں میں یونس کو بھرپور موقع دیا جائے اور دیکھا جائے کہ وہ کس طرح کھیلتے ہیں۔ اُنھیں خود کو ثابت کرنے کا موقع دینا چاہئے۔ اگر وہ ناکام ہوجاتے ہیں تو ظاہر ہے کہ وہ ونڈے انٹرنیشنل کھیلوں سے ازخود خارج ہوجائیں گے۔