بارش سے متاثر تیسرے اور آخری میچ میں مہمانوں کو 66 رن سے شکست
کرائسٹ چرچ ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ میں آج کھیلے گئے بارش سے متاثرہ تیسرے اور آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو 66 رن سے شکست دیتے ہوئے مہمانوں کے خلاف شاندار ’’کلین سویپ‘‘ فتح حاصل کی۔ بارش کے سبب اس میچ کو 23 اوور تک محدود کردیا گیا تھا۔ جب نیوزی لینڈ کے 131 کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی فتح کے لئے 166 رن کا نظرثانی شدہ ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ مہمان ٹیم اپنی اننگز میں محض 99 رنز بناسکی جبکہ ابتدائی ایک مرحلہ پر اس کا اسکور وکٹ وکٹ کے نقصان سے صرف 9 رن تھا جس سے ونڈے انٹرنیشنل میں اب تک کے کمترین اسکور (زمبابوے 35 رن) کا موجودہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کے اندیشے پیدا ہوگئے تھے لیکن ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے 21 گیندوں میں 34 رن بناتے ہوئے اپنی ٹیم کی بکھری ہوئی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ٹرنٹ بولٹ، میٹ ہنری اور مچل سانٹنر جیسے فاسٹ بولرس کی دیگر کھلاڑی شاید ہی کوئی مزاحمت کرسکے۔ پہلے ونڈے میچ میں پانچ وکٹس سے اور دوسرے میں 204 رن سے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی یہ لگاتار تیسری ونڈے شکست تھی جبکہ یہ مہمان ٹیم، 2-0 سے ٹسٹ سیریز پہلے ہی ہار چکی ہے۔ ویسٹ انڈیز تین ٹی ۔ 20 میچوں کی سیریز پر اپنا دورہ نیوزی لینڈ ختم کرے گی۔ اس سیریز کا آغاز جمعہ کو نلسن میں ہوگا۔