ونڈے رینکنگ : کوہلی اور آملہ کو دوسرا مقام

دوبئی 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے ویراٹ کوہلی ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے ہوں لیکن اسٹار بلے باز آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں دوسرے مقام پر برقرار ہیں۔ دوسرے نمبر پر کوہلی کے ساتھ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ بھی ہیں۔ ہاشم آملہ گذشتہ رینکنگ میں چوتھے مقام پر تھے تاہم اب وہ مشترکہ دوسرے مقام پر آگئے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف اپنی ٹیم کیئلے ونڈے سیریز میں دو سنچریاں اسکور کی تھیں۔ رینکنگ میں اول نمبر پر جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولئیرس برقرار ہیں جبکہ ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو چھٹا مقام حاصل ہے ۔ شکھر دھون دسویں نمبر پر ہیں ۔ ڈی ولئیرس کو سری لنکا کے خلاف 212 رنز بنانے پر 13 ریٹنگ پوائنٹ حاصل ہوئے تھے اس طرح وہ اول نمبر پر برقرار ہیں ۔ بولرس کی رینکنگ میں پاکستان کے آف اسپنر سعید اجمل سب سے آگے اول نمبر پر ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ ٹاپ میں جگہ پانے والے واحد ہندوستانی بولر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ریان مک لارن اور اسپنر عمران طاہر کو کیرئیر میں اب تک کی بہترین رینکنگ حاصل ہوئی ہے ۔ مک لارن کو دسواں اور عمران طاہر کو 51 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ بحیثیت ٹیم جنوبی افریقہ کو اچھے پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں۔