لندن ؍ ویلنگٹن ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سے باہر رہنے والے بیٹسمین لیوونسنٹ پر انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ اور چمپیئنس لیگ نے میچ فکسنگ کا اعتراف کرنے پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔ جذباتی بیان میں ونسنٹ نے اعتراف کیا ہیکہ انہوں نے متعدد مرتبہ پیسوں کی خاطر مقابلے فکسڈ کئے ہیں اور اس راز کے ساتھ انہوں نے کئی برس گذارے ہیں۔ اس اعتراف کے بعد انگلینڈ کے علاوہ چمپیئنس لیگ میں بھی ان کی شرکت پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دریں اثناء آئی سی سی نے ونسنٹ پر عائد پابندی کی حمایت کی ہے۔ آئی سی سی کے سی ای او ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ وہ ونسنٹ پر عائد پابندی کی حمایت کرتے ہیں اور اس سزاء کو دوسروں کیلئے انتباہ قرار دیتے ہیں۔