ونستھلی پورم میں ایک طالبہ کی عصمت ریزی

گھریلو پارٹی کے نام پر 3 لڑکوں کا عصمت کیساتھ کھلواڑ
حیدرآباد 23 جولائی ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ ونستھلی پورم میں ایک طالبہ کی اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ سے سائبر آباد میں سنسنی پھیل گئی ۔ خواتین کے تحفظ کیلئے سخت گیر قوانین اور پولیس پولیسی کے اقدامات و چوکسی کے باوجود اس طرح کا واقعہ پیش آیا جو پولیس کی کارکردگی اور چوکسی پر شبہ ظاہر کرتا ہے تاہم پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس واقعہ کو راز میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں اور تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کررہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کے نام پر لڑکی کو طلب کرتے ہوئے مبینہ طور پر اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لڑکی بی ٹیک کی طلبہ ہے اور تین لڑکے بھی بی ٹیک کے طالب علم بتائے گئے ہیں۔ گھر پر پارٹی کو منعقد کرتے ہوئے اس لڑکی کو مدعو کیا گیا اور جیسے ہی لڑکی ان کے مکان واقعہ کسوما نگر ونستھلی پورم پہونچی پارٹی کے دوران خوب مستی کی گئی اور ان بد خماش لڑکوں نے اس مجبور لڑکی کی عصمت کے ساتھ مبینہ طور پر کھلواڑ کیا اور اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتہ یہ واقعہ پیش آیا تھا تاہم تاخیر سے منظر عام پر آیا ۔ لڑکی کے والد کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان تین بد خماش لڑکوں میں سے دو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے تاہم ایک کی گرفتاری باقی ہے جس کو پولیس شدت سے تلاش کررہی ہے ۔ تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ تحقیقات جاری ہیں ۔ انسپکٹر ونستھلی پورم مسٹر شیلم کمار کا کہنا ہے کہ پولیس نے لڑکی کے والد کی شکایت پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور پولیس سارے معاملہ کی سنجیدگی سے تحقیقات کررہی ہے ۔