ولیمسن کی نصف سنچری ،نیوزی لینڈ153 رنز پر ڈھیر

ابو ظہبی۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی بولروں کی شاندار بولنگ کی بدولت تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈکی پوری ٹیم صرف 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔جبکہ پاکستان نے دن کے اختتام پر 59/2 رنز اسکور کئے۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لاٹہم نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 35 رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے،کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر بھی 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفرازکے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے نصف سنچری مکمل کی اور 63 رنز بنائے تاہم کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم صرف 153 رنز بناکرپویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کے لئے یاسرشاہ نے 54 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کا آوٹ کیا جبکہ محمد عباس،حسن علی اور حارث سہیل نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔