ولیمسن کی ریکارڈ سنچری نیوزی لینڈ کا مستحکم موقف

ہیملٹن ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے اپنے کیریئر کی 27 ویں ٹسٹ سنچری اسکور کرتے ہوئے سابق کپتان مارٹن کرو کی جانب سے نیوزی لینڈ کے لیے بنائے جانے والے سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرلیا ہے جبکہ کھیل کے تیسرے دن نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنالئے ہیں اور مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں بنائے جانے والے 314 رنز پر اسے 7 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ نیوزی لینڈ کو اس مقابلے میں کامیابی اس لیے بھی ضروری ہے کیوں کہ جنوبی افریقہ نے سیریز میں 1-0 کی سبقت پہلے ہی حاصل کرلی ہے۔ ولیمسن نے 2016 گیندوں میں 14 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں ناقابل تسخیر 148 رنز اسکور کئے ہیں۔ ولیمسن نے اوپنر جیت راول کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 190 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی تاہم دن کے اختتامی لمحات میں راول 88 رنز بناکر مورنی مورکل کا شکار بنے۔ دن کے اختتامی لمحات میں یکے بعد دیگرے تین وکٹوں کی زوال کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو کسی قدر نقصان برداشت کرنا پڑا کیوں کہ 273رنز تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کو صرف ایک ہی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا لیکن بروم (12)، نیکول (0) کے جلد آئوٹ ہونے سے جنوبی افریقہ کو کسی قدر راحت ملی ہے۔ نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 83 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی لیکن اس موقع پر ا وپنر لیتھم 10 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر مورکل کا شکار بنے۔ جنوبی افریقہ کے لیے مورکل نے 74 رنز اور ساتھی فاسٹ بولر رباڈا نے 83 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔